اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )بھارتی اداکار کمال آر خان (کے آر کے) کو کرینہ سے تعلقات کا بے بنیاد دعویٰ مہنگا پڑ گیا۔تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ ہدایت کار اور اداکار کے آر کے نے 10 اکتوبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹوئٹ کے ذریعے دعویٰ کیا تھا کہ اُن کے اور کرینہ کپور کے مابین چار سال تک تعلقات رہے تاہم اُن کے پاس سوائے ایک تصویر
کے کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔بالی ووڈ اداکار نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ وہ لائیو ٹی شو کے دوران اپنے اور کرینہ کے رشتے سے متعلق مزید انکشافات کریں گے۔کے آر کے کو کرینہ سے مبینہ تعلقات کا دعویٰ مہنگا پڑ گیا کیونکہ کرینہ کے مداحوں کی جانب سے اُن کے اکاؤنٹ کو مستقل رپورٹ کیا گیا جس کے بعد ٹوئٹر انتظامیہ نے اُن کے ویریفائیڈ اکاؤنٹ کو ہراساں کرنے کے الزام میں بند کردیا تاہم بھارتی اداکار نے پہلے سے ہی دوسرا اکاؤنٹ بنا رکھا تھا جسے وہ اب استعمال کررہے ہیں۔انہوں نے اپنے دوسرے اکاؤنٹ پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ کے آر کے کے اکاؤنٹ سے کسی کو گالی نہیں دی گئی اُس کے باوجود انتظامیہ نے ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کردیا یہ ایک بلیک میلنگ کا طریقہ ہے۔انہوں نے میڈیا نمائندگان، ساتھی فنکاروں اور مداحوں کے نام ایک تفصیلی خط بھی تحریر کر کے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔دوسری جانب خود ساختہ تجزیہ نگار کمال رشید خان نے عامر خان کی نئی فلم سیکریٹ سپر اسٹار کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر منفی ریمارکس لکھے جس کے بعد ٹوئٹر نے ان کا اکاؤنٹ معطل کردیا تاہم کے آر کے نے اس کا الزام عامر خان پر لگادیا۔عامر خان کی فلم سیکریٹ سپر اسٹار 19 اکتوبر کو دیوالی کے موقع پر ریلیز کی گئی ہے جب کہ کمال رشید خان نے ایک روز قبل ٹوئٹر پر اس فلم کے حوالے سے
تجزیہ جاری کیا۔ رپورٹس کے مطابق کمال رشید نے اپنی ٹوئٹ میں فلم کا کلائمکس افشاء کردیا جس کی وجہ سے ٹوئٹر نے ان کا اکاؤنٹ معطل کیا۔کمال رشید خان کا کہنا تھا کہ ٹوئٹر نے ان کا اکاؤنٹ اس لیے معطل کیا کیوں کہ انہوں نے فلم کے حوالے سے منفی ریمارکس دیے اور وہ ٹوئٹر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ کمال خان نے کہا کہ اگر ٹوئٹر نے ان کا اکاؤنٹ بحال
نہیں کیا تو وہ دوبارہ کبھی ٹوئٹر پر اکاؤنٹ نہیں بنائیں گے اور اس کا بائیکاٹ کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’میں نے اپنے چار سال اور بہت سارا پیسہ خرچ کرکے ٹوئٹر پر 60 لاکھ کے قریب فالوورز بنائے لہٰذا میں ٹوئٹر کے خلاف عدالت جاؤں گا اور دعویٰ کروں گا کہ میں نے اب تک جتنا وقت اور پیسہ ٹوئٹر پر خرچ کیا ہے وہ مجھے بطور ہرجانہ واپس کیا جائے۔کمال رشید خان
نے یہ بھی کہا کہ اگر ٹوئٹر محض اس لیے ان کا اکاؤنٹ معطل کررہا ہے کہ عامر خان انہیں ٹوئٹر پر نہیں دیکھنا چاہتے تو یہ حیرت انگیز بات ہے اور اس کا مطلب یہ نکلتا ہے کہ ٹوئٹر کے اصل مالک عامر خان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کسی کو گالی یا دھمکی نہیں دی اس لیے ٹوئٹر کو کوئی حق نہیں کہ وہ میرا اکاؤنٹ معطل کرے، ایسا کرنے سے قبل انہوں نے مجھے کوئی
وارننگ نہیں دی یعنی ٹوئٹر چاہتا ہے کہ صرف عامر خان اسے استعمال کریں۔خیال رہے کہ کے آر کے ماضی میں بھی متعدد تنازعات کا شکار رہ چکے ہیں۔ گزشتہ برس بھی دیوالی کے موقع پر ٹوئٹر نے ان کا اکاؤنٹ معطل کردیا تھا کیوں کہ اس وقت انہوں نے اجے دیوگن کی فلم ’’شیوے‘‘ کے حوالے سے منفی ریمارکس دیے تھے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کمال رشید کے
اکائونٹ بند ہونے کی وجہ کرینہ کپور بنی یا عامر خان اس حوالے سے ٹویٹر انتظامیہ کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آسکا ہے۔