ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)کروڑوں چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والے بالی ووڈ کے کامیڈین اداکار و ہدایت کار نیرج وورا 10 ماہ سے کوما میں ہیں۔کامیڈی نیرج وورا اکتوبر 2016 میں فلم ’’ہیرا پھیری 3‘‘ پر کام کررہے تھے کہ ہارٹ اٹیک ہوا اور دوران علاج ان پر فالج کا حملہ بھی ہوا جس کے باعث وہ کوما میں چلے گئے تھے۔54 سالہ اداکار کی کوئی اولاد نہیں ہے اور ان کی اہلیہ کا انتقال بھی گزشتہ سال ہوا ہے۔ان کی فیملی میں والدہ
ہی تھیں جو کہ 2014 میں دنیا سے رخصت ہوچکی ہیں اور ایسے میں ان کے قریبی دوست فیروز ناڈیاڈ والا ہی ان کی دیکھ بھال کررہے ہیں۔پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈ والا نیرج کی طبیعت سنبھلنے پر رواں سال مارچ میں انہیں دہلی سے ممبئی لے آئے تھے اور گھر پر ہی ان کی دیکھ بھال کررہے ہیں۔ کامیڈین کی دیکھ بھال کے لیے نرس، وارڈ بوائے اور خانساماں رکھا گیا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ سائیکو تھراپسٹ، نیروسرجن، فزیو تھراپسٹ اور ڈاکٹر ہر ہفتے باقاعدہ علاج کے لیے گھر آتے ہیں۔فیروز ناڈیاڈ والا کا کہنا ہے کہ گزشتہ 5 ماہ سے نیرج کی حالت میں بہتری آرہی ہے لیکن اب بھی کوما میں ہیں تاہم ان کا علاج آڈیو تھراپی کے ذریعے ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ان کے والد کی موسیقی ان کو سناتے ہیں جس کے جواب میں وہ ہاتھوں کو جنبش دیتے ہیں جب کہ میں نیرج کو 18 سال سے جانتا ہوں وہ دوستوں سے پیار کرنے والی شخصیت ہیں۔فلمساز کا کہنا تھا کہ نیرج کے کمرے میں ان کی مشہور اور پسندیدہ فلموں کو لگایا جاتا ہے تاکہ جلد سے جلد کومے سے باہر آسکیں جب کہ فلم نگری میں عامر خان اور پاریش راول کے قریبی دوست ہیں جو مسلسل ان کی صحت سے متعلق معلومات لیتے رہتے ہیں۔فلمساز فیروز ناڈیاڈ والا نے گزشتہ سال نیرج وورا کی ہدایت کاری میں فلم ’’ہیرا پھیری‘‘ کا تیسرا سیکوئل بنانے اور رواں سال ہی فلم کی شوٹنگ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اس کے چند روز بعد ہی نیرج وورا کو بیماری نے آگھیرا جس کے باعث پروجیکٹ کو روک لیا گیا ہے۔