اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد کے اتوار بازار میں چائے بنانے والا اور راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ جانے والا ارشد خان پاکستانی نہیں بلکہ افغان شہری نکلا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ نادرا کے ریکارڈ کے مطابق ارشد خان پاکستانی شہری نہیں بلکہ افغان شہری ہے ۔ نادرا میں ارشد خان کا افغان شہری کے طور پر اندراج ہے تاہم ارشد خان کے پاس افغان مہاجر کارڈ بھی نہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں چائے بنانے والے ایک نوجوان کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ اس چائے والے کی تصویر نے دھوم مچادی اور بھارتی خواتین میں اس نوجوان نے بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی۔بھارتی لڑکیوں نےنوجوان کو دنیا کا حسین ترین مرد قرار دیدیا تھا اوربہت سے لوگ تصویر کی خوبصورتی کی تعریف کرتے نظر آ رہے ہیں۔ چائے فروش مردان کا 18 سالہ ارشد خان ہے جو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے پشاور موڑ بازار میں چائے کی دکان چلاتا تھا۔ارشد خان پر قسمت کی دیوی اس وقت مہربان ہوئی تھی جب اسلام آباد کے ایک اتوار بازار میں چائے بیچتے ہوئے بنائی گئی ان کی تصویر سوشل میڈیا پروائرل ہوئی اور یوں ’چائے والا‘ کی شہرت ملک کی سرحدوں سے نکل کر پورے جہاں میں پھیل گئی اور چائے والا سوشل میڈیا ویب سائٹس کا ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔اب انہیں کوئی ’چائے والا‘ کہہ کر پکارے تو یہ فخر محسوس کرتے ہیں ۔ پاکستان کے میڈیا اور سوشل میڈیا نے انہیں بہت جلد وہ شہرت دلا دی ہے جس کی لوگ تمنا کرتے اور اسی حسرت میں زندگی گزار دیتے ہیں ۔ارشد خان کو ان کی خوب صورتی کی بدولت ماڈلنگ کرنے کی کئی پیشکشیں موصول ہوئیں اور ان میں سے کچھ کو انہوں نے قبول بھی کرلیا۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے لاہور میں ہونے والے برائیڈل شو میں بھی ریمپ پر واک کی اور دیکھنے والوں کو حیرت میں ڈال دیا۔
بعد ازاں چائے والا کے نام سے سوشل میڈیا پر مقبولیت کی بلندیوں کو چھونے والے ارشد خان نے شوبز کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا ہے۔سماجی رابطے کی سائٹ پر فیس بک پر تصویر شائع ہونے کے بعد اسلام آباد میں چائے کے ڈھابے پر کام کرنے والے ارشد خان عرف ’چائے والا‘ نے نہ صرف پاکستان بلکہ پڑوسی ملک میں اپنی خوبصورت آنکھوں اور پرکشش شخصیت سے کافی شہرت حاصل کی،
ارشد کی پرکشش شخصیت نے ناصرف پاکستانی فلمی ستاروں کو متاثر کیا بلکہ بالی وڈ کنگ بھی ارشد کی پرکشش شخصیت کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے لیکن خبر ہے کہ ارشد نے شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ ارشد خان کے منیجر کا کہنا تھا کہ ان کے نئے گانے کی ویڈیو کی وجہ سے اہل خانہ اور قریبی ساتھیوں میں ناپسندیدگی کا اظہار کیا جس کے باعث ان پر شوبز کی دنیا سے دور رہنے کے لیے کافی دباؤ بھی تھا۔
ارشد کے منیجر کا کہنا تھا کہ شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد وہ دوبارہ سے اسلام آباد میں اپنے چائے کے ڈھابے پر کام کریں گے تاہم ارشد خان صحافت کے شعبے میں کیرئیر بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ اس پیشے سے ان کے اہل خانہ کو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔