ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کی ناکامی پر ڈسٹری بیوٹرز نے ان سے نقصان کے ازالے کا مطالبہ کردیا۔بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کی حالیہ ریلیز ہونے والی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کی باکس آفس پر ناکامی کے بعد چھوٹے سنیما ڈسٹری بیوٹرز میں سے ہر ایک کو تقریباً ایک کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے،
جس پر انہوں نے سلمان خان سے پیسوں کی واپسی کا مطالبہ کردیا ہے۔سلمان خان فلمز پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بننے والی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ 105 کروڑ سے زائد کے بجٹ سے تیار کی گئی ہے۔ فلم کی ریلیز کے موقع پر ریکارڈ توڑ کمائی کی توقع کی جارہی تھی، جس پر ڈسٹری بیوٹرز نے بھی مہنگے داموں فلم کے مالکانہ حقوق خرید لیے تھے۔ تاہم نمائش کے بعد فلم 6 روز میں محض 100 کروڑ کلب میں شامل ہوئی ہے، جبکہ بھارت میں 12 روز کے دوران 117 کروڑ کا بزنس کیا ہے۔ادھر ڈسٹری بیوٹرز نے نقصان کا تخمینہ 40 سے 50 کروڑ لگایا ہے، اور جلد ہی سلمان کی جانب سے نقصان کے ازالے کی امید کا اظہار کیا ہے۔



















































