ممبئی(آن لائن) نامور بھارتی اداکارہ کالکی کوچلن نے اذان سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اذان کو شور قرار دینا کسی طرح بھی صحیح نہیں۔گزشتہ کئی عرصے سے بھارتی اداکاروں کی جانب سے اذان سے متعلق مختلف بیانات سامنے آرہے ہیں جن میں کئی اذان مخالف اورکئی اذان کی حمایت میں سامنے آئے ہیں، اذان کی آواز سے متعلق تنازعہ بھارتی گلوکار سونونگم کی ٹویٹس سے شروع ہوا جس میں انہوں نے اذان کو شور قرار
دیتے ہوئے کہا تھا کہ آخربھارت میں یہ جبری مذہب پرستی کب ختم ہوگی ان کے پیغامات نے بھارت سمیت دنیا بھر میں مقیم تمام مسلمانوں کے جذباتوں کو مجروح کردیا تھا تاہم بعد میں انہیں اپنے بیانات پر معافی مانگنی پڑی تھی۔ سونونگم کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے دیگرفنکاروں کی جانب سے بھی مختلف بیانات سامنے آئے اور اب ایک اور نامور اداکارہ کالکی کوچلن کااذان سے متعلق بیان سامنے آیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کالکی نے حال ہی میں شور کے نام سے ایک ویڈیو ریلیز کی ہے جس میں انہوں نے بتایاکہ بھارت میں رہنے والے لوگوں کو روزانہ کس قسم کی آوازوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ویڈیو کی ابتدا میں کالکی اپنے آس پاس کے شور سے متعلق کہتی ہوئی نظر آرہی ہیں کہ وہ جس علاقے میں رہتی ہیں وہاں ہروقت شور ہوتا رہتا ہے، کیونکہ وہاں مسجد، مندر، چرچ ، مختلف اشیا فروخت کرنے والے لوگ اور بہت زیادہ ٹریفک ہوتا ہے جہاں سے ہروقت شور کی آوازیں بلند ہوتی رہتی ہیں۔کالکی نے مزید کہا کہ بھارت میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ رہتے ہیں جن کی عبادت کرنے کا طریقہ الگ ہے ، کچھ لوگ مسجد ، کچھ چرچ اور کچھ مندر جاکر عبادت کرتے ہیں اور ان عبادت گاہوں میں مختلف طرح کی آوازیں ہروقت سنائی دیتی رہتی ہیں، اس کے علاوہ بھی ہمارے ارد گرد بہت سی آوازوں کا شور سنائی دیتا ہے جیسے موبائل فون کی آواز، خبروں
کی آواز، مختلف موضوعات پر اپنی رائے دینے والے لوگوں کی آوازیں اور اہم ان تمام آوازوں کو بنا کوئی سوال کیے قبول کرلیتے ہیں ، لیکن اذان کی آواز کو بنیاد بناکر اسے شور قرار دینا صحیح نہیں ہے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اپنے آس پاس موجود دیگر آوازوں پر تو اپنی آواز بلند نہیں کرتے لیکن کبھی کبھی کسی ایک چیز کو موضوع بناکر ملک میں نیا تنازعہ کھڑا کردیتے ہیں جیسے کچھ عرصہ قبل سونونگم نے کیا۔واضح رہے کہ سونو نگم کی ٹویٹس کے جواب میں بھارت کے بہت سے فنکاروں جیسے پوجا بھٹ، کنگنا رناوت اور اعجاز خان وغیرہ نے اذان سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اذان کی آواز سے کوئی مسئلہ نہیں بلکہ اذان کی آواز انہیں بہت اچھی لگتی ہے۔