کراچی (این این آئی)عید الفطر پر پاکستانی فلمیں سینما گھر وں میں اپنا رنگ جمانے میں کامیاب دکھائی دیں،یاسر نواز کی فلم مہرالنساء وی لب یو اورحسن وقاص رانا کی فلم یلغار نے دس کروڑ روپیسے زائدکا بزنس کر ڈالا۔ فلمیں عید الفطر پرفلم بینوں کے لئے سینما گھروں میں پیش کی گئی،اس موقع پر فلم بینوں کی جانب سے خاصی دلچسپی دیکھنے میں آئی،شائقین جوق در جوق سینما گھروں کی جانب بڑھے اور پاکستانی فلمیں دیکھ کر لطف اندوز ہوتے رہے۔
فلمی ذرائع سے معلوم ہوا کہ عیدالفطرسے اب تک دونوں فلموں کا ملک بھر میں مجموعی طور پر10کروڑسے زائد کا بزنس ریکارڈ کیا گیا ہے جس میں بتدریج اضافہ واقع ہورہا ہے۔سینما بزنس سے وابستہ ندیم مانڈی والا کا کہنا ہے کہ ملک میں عید پر ریلیز ہونے والی فلمیں معیاری بن رہی ہے جس کی وجہ سے انکے بزنس میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔جس طرح فلمیں شائقین کو متاثر کرنے میں کامیاب ہونگی اسی طرح ملک میں سینما بننے کے رجحان میں اضافہ ہوگا،جو فلم اور سینما انڈسٹری کیلئے نیک شگون ہے۔