ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کی فلم ’’دنگل‘‘ نے چینی باکس آفس پر 9 روز میں 300 کروڑ کمائی کرکے مجموعی طور پر 1000 کروڑ کلب میں شامل ہونے والی پہلی بالی ووڈ فلم بن گئی۔عامر خان کی فلم ’’دنگل‘‘ چینی زبان میں ڈب کرکے 5 مئی کو نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی اور فلم چینی فلم بینوں کو بھی بھاگئی جس نے بھارت کے بعد چینی باکس آفس پر بھی تہلکہ مچاتے ہوئے
ریکارڈ کمائی کی لیکن اب فلم نے ایک کے بعد ایک ریکارڈ بنانا شروع کردیئے ہیں۔بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ کی فلم ’’دنگل‘‘ نے چینی باکس آفس پر 9 روز میں 301 کروڑ کی کمائی کرکے سب سے زیادہ بزنس کرنے والی بالی ووڈ فلم بن گئی ہے جب کہ فلم نے گزشتہ روز 87 کروڑ 66 لاکھ کی کمائی کرکے چینی باکس آفس پر منفرد ریکارڈ بنا ڈالا ہے۔دوسری جانب فلم نے مجموعی طور پر بھارت اور چین سمیت دنیا بھر میں اب تک 1045 کروڑ کی کمائی کرکے 1000 کلب میں شامل ہونے والی پہلی بالی ووڈ فلم بن گئی ہے۔