ممبئی (این این آئی)ایپل اور سام سنگ کو بھول جائیں جلد برصغیر میں جس اسمارٹ فون کی دھوم مچنے والی ہے وہ بولی وڈ سپر سٹار سلمان خان کے تیار کردہ ہوں گےیا کم از کم منصوبہ تو یہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بولی وڈ دبنگ خان بھارت میں کئی طرح کے سمارٹ فونز متعارف
کرانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔سلمان خان نے حال ہی میں بنگ سمارٹ ٹریڈ مارک اسمارٹ فونزکے لیے رجسٹر کرایا ہے. انہوں نے سام سنگ اور مقامی کمپنی مائیکرو میکس کے عہدیداران کی خدمات اس کام کے لیے حاصل کرلی ہیں۔رپورٹ کے مطابق ابتدائی سمارٹ فون کی قیمت 300 ڈالرز سے کم ہوگی اور ان میں ایسے فیچرز دیئے جائیں گے جو اس وقت چینی کمپنیاں شیآمی اور اوپو اپنی ڈیوائسز میں فراہم کررہی ہیں۔پاکستان ہو یا بھارت 300 ڈالرز یا تیس ہزار پاکستانی روپے سے کم کے سمارٹ فونز اس وقت مارکیٹ میں زیادہ فروخت ہوتے ہیں اور چینی کمپنیاں اس کا سب سے زیادہ فائدہ اٹھا رہی ہیں جو کم قیمت فونز میں فلیگ شپ فونز جیسے فیچرز فراہم کررہی ہیں۔درحقیقت ان فونز کے فیچرز تو سام سنگ اور ایل جی جیسے ہیں مگر ان کی قیمت پچاس سے 75 فیصد تک کم ہے۔سلمان خان نے گزشتہ سال کے آخر میں اپنی پہلی موبائل ایپ مین ریلیز کی تھی اور لگتا ہے کہ وہ اسمارٹ فونز کی مارکیٹ میں اپنی شہرت کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔تاہم اس سے قبل بولی وڈ اداکارہ شلپا سیٹھی نے بھی گزشتہ سال مختلف اسمارٹ فونز متعارف کرائے تھے۔