ممبئی (این این آئی)معروف کامیڈین اور بولی وڈ اداکار کپل شرما نے اپنی آنکھیں عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔اپنے کامیڈی ٹی وی شو کپل شرما شو کے دوران انہوں نے یہ اعلان کیا۔اداکار نے اس شو میں بھارت کی قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو مدعو کیا تھا اور کھلاڑیوں نے انہیں بہت زیادہ متاثر کیا۔اس بارے میں انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ‘ ہم اکثر اس بات کا احساس نہیں کرتے
کہ کئی بار ہماری ایک چھوٹا سا خیرسگالی کا اقدام دوسروں کو بہت زیادہ خوش کرسکتا ہے، ان کھلاڑیوں سے بات کرکے مجھے احساس ہوا کہ آنکھوں کو عطیہ کرنے کا فیصلہ تو مجھے کافی عرصے پہلے کرلینا چاہئے تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ تاہم میں نے اب اپنی آنکھیں عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اگر کوئی فرد میرے جانے کے بعد میری آنکھوں سے اس دنیا کو دیکھ سکے گا تو میں کافی اچھا محسوس کروں گا۔گزشتہ دنوں کرن جوہر کے شو میں شرکت کے دوران کپل شرما نے کہا تھا کہ برائے مہربانی انگریزی کے بجائے ہندی زبان میں بات کریں کیونکہ ان کی انگلش ڈکشنری صرف 700 الفاظ تک محدود ہے۔شو کے دوران کپل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ لوگ ٹوئٹر پر کچھ بھی لکھ دیتے ہیں، جن میں وہ خود بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ عطیہ اور صدقات کا تصور اسلام کا بنیادی جز ہے ۔ ہر سال مسلمان اس حوالے سے عطیہ ، صدقات اور زکوٰۃ دیتے ہیں ۔ گو کہ اپنے جسم کا کوئی حصہ عطیہ کرنے پر اسلام میں اختلاف پایا جاتا ہے تاہم کپل شرما کے بیان سے جہاں ہندو دھرم کے لوگ حیران ہیں وہیں مسلمانوں میں حیرت کی فضا پائی جاتی ہے۔