واشنگٹن (آئی این پی)عالمی شہرت یافتہ امریکی پاپ گلوکارہ میڈونا کو وائٹ ہاؤس جلانے کی خواہش کا اظہار کرنا مہنگا پڑگیا۔ خفیہ ایجنسیوں نے میڈونا کی خواہش کو دھمکی قرار دے کر انکے خلاف تحقیقات کااعلان کردیا۔پاپ آئیکون سمجھی جانے والی میڈونا کے دنیا بھر میں موجود مداح تین دہائیوں سے انکی میٹھی آوازکے جادو میں گرفتار ہیں لیکن محبت بھرے گیت گانے والی میڈونا امریکہ کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے سخت نالاں نظر آتی ہیں۔ بولڈ اینڈ بیوٹی فل میڈونا ٹرمپ کے داغ دار ماضی پر انہیں معاف کرتی نظرنہیں آتیں۔
ٹرمپ سے اپنی نفرت کا اظہار انہوں نے واشنگٹن میں خواتین کے مارچ کے دوران سرعام کیا تو خفیہ ایجنسیوں کے کان کھڑے ہوگئے۔ انتخابی مہم کے دوران ہیلری کلنٹن کی بھرپور حمایت کرنے والی میڈونا کا کہنا تھا کہ جب ٹرمپ امریکہ کے صدر منتخب ہوئے تو انکا دل کیا کہ وائٹ ہاؤس کو آگ لگادیں لیکن پھر انہوں نے سوچا اس سے کیا حاصل ہوگا۔میڈونا نے جذبات میں آکر جو کہنا تھا کہہ دیا لیکن امریکی خفیہ ایجنسیاں انہیں معاف کرنے کو تیار نظر نہیں آتیں۔ میڈونا کے خلاف کیس اٹارنی جنرل کو بھجوایا جائے گا جہاں سے اجازت ملنے پر پاپ گلوکارہ کیخلاف تحقیقات کا آغاز ہوگا ۔