ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی نئی فلم دنگل نے دو دن کے اندر 64 کروڑ روپے (بھارتی) کمالیے ہیں۔اگرچہ عامر خان کی فلم سلمان خان کی ’’سلطان‘‘ سے کہانی کے اعتبار سے زیادہ فلم ہے مگر ابتدائی بزنس کے حوالے سے دبنگ خان زیادہ آگے رہے۔عامر خان کی فلم نے ریلیز کے پہلے روز 29.78 کروڑ روپے کمائے جبکہ سلطان نے پہلے روز 36.54 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔دنگل نے دوسرے روز 34.82 کروڑ کا بزنس کرکے مجموعی طور پر 64 کروڑ روپے کمالیے ہیں۔دوسری جانب سلطان نے دو دن میں 74 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا مگر اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ سلمان خان کی فلم بھارت میں چھٹی کے دن ریلیز کی گئی تھی جبکہ دنگل کو عام دن ریلیز کیا گیا۔ماہرین کو توقع ہے کہ دنگل آج سو کروڑ کا ہندسہ چھو سکتی ہے جس کے لیے اسے 36 کروڑ روپے کے بزنس کی ضرورت ہوگی۔ سلمان خان نے سلطان میں ہریانہ سے تعلق رکھنے والے ایک ریسلنگ چیمپئن کا کردار ادا کیا تھا جو ذاتی زندگی کے مسائل کے بناء پر رنگ سے دور ہوتا ہے اور پھر مکس مارشل آرٹس کے ایونٹ میں واپس آتا ہے۔عامر خان کی فلم ایک حقیقی کہانی پر مبنی ہے جس میں ایک والد کو اپنی بیٹیوں کو ریسلنگ کی تربیت دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔