لاہور ( این این آئی)اداکارہ صباء قمر نے کہا ہے کہ اگر کوئی مجھے آنٹی کہتا ہے تو مجھے ناخوشگواری کا احساس ہوتا ہے ، آنٹی کوئی برا لفظ نہیں مگر اس سے ایسا لگتا ہے کہ جیسے آپ عمر کے آخری حصے میں ہیں اور اسی وجہ سے مجھے اس لفظ چڑ ہے ۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ بھارت میں بننے والی اپنی فلم کی کامیابی سے بڑی خوش ہوں ۔ بھارت ہمارا پڑوسی ملک ہے مگر اس کی پاکستانی فنکاروں سے دشمنی سمجھ سے بالاتر ہے ۔ کوئی بھی بھارتی فنکار جب پاکستان آتا ہے تو یہاں کے عوام ان کو عزت و احترام کے ساتھ محبت دیتی ہے جس کو وہ مدتوں فراموش نہیں کر سکتے ۔فنکار امن کے سفیر ہوتے ہیں اور ان کو امن کے لئے کام کرنے کے مواقع ملنے چاہیے ۔ صباء قمر نے کہا کہ ہمارے دل اور دروازے بھارتی فنکاروں کے لئے کھلے ہیں اور بھارت کو بھی بڑے پن کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی فلموں میں اداکاری کرتی رہوں گی تاہم ٹی وی چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کر سکتی کیونکہ میری اصل وجہ شہرت ٹی وی ہی ہے ۔