لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)اداکارہ صباء قمر نے کہا ہے کہ آج میں کامیابی کے جس مقام پر ہوں اس میں میری مسلسل محنت کا راض چھپا ہے ، جب میں نے شوبز سرگرمیوں کا آغاز کیا تو ابتداء میں مجھے چھوٹے چھوٹے رول ملنا شروع ہوئے ، پہلے ڈرامے میں تین دن کی ریکارڈنگ کرنے کے بعد مجھے ایک ہزار روپے کا معاوضہ ملا جس کے بعد میں پلٹ کر نہیں دیکھا اور مسلسل محنت پر فوکس کر کے معاشرے میں اپنے لیے عزت اور مقام پیدا کیا ۔ ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی کسی کے لئے برا نہیں سوچا ، میں ان کو بھی آج عزت دیتی ہوں جنہوں نے مجھ سے برا سلوک کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فلم میں کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے ۔ بھارت میں کام کرتے ہوئے میں نے بہت کچھ سیکھا اور وہاں کی ایک بات دل کو لگی کہ ان کے ہاں سینئر اداکاروں کی عزت اور جونیئرز کی رہنمائی کی جاتی ہے ۔ صباء قمر نے کہا کہ میری والدہ بیمار ہیں ان کو ہیپا ٹائٹس سی کا مرض لاحق ہے ، میری اپنے پرستاروں سے اپیل ہے کہ وہ ان کی زندگی اور صحت یابی کے لئے دعا کریں ۔