ممبئی (نیوز ڈیسک) بھارتی حکمران اور ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی نے مطالبہ کیا ہے کہ سلمان خان کی جانب سے یعقوب میمن کی حمایت پر ان کی ضمانت منسوخ کی جائے۔ سلمان خان ان دنوں ہٹ اینڈ رن کیس میں ضمانت پر رہا ہیں۔ اس سلسلے میں ممبئی میں بی جے پی کے صدر اشیش شیلر نے مہاراشٹر کے گورنر چودھری ودیاساگر راو¿ سے ملاقات کی جس میں ایک درخواست ان کے گوش گزار کی ہے۔ اس درخواست میں ان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ممبئی کی ہائیکورٹ کی جانب سے سلمان خان کو دی گئی ضمانت منسوخ کی جائے۔ اس بارے میں انہوں نے ٹوئٹ بھی کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ سلمان خان ایک جرم کی حمایت کررہا ہے جس پر اس کی ضمانت منسوخ ہونی چاہئے۔ یعقوب میمن اجتماعی قتل و غارت کے مشن پر کام کررہا تھا۔ اس کی حمایت صرف وہی لوگ کرسکتے ہیں جو اس جرم میں شراکت دار ہوں۔یاد رہے کہ اداکار سلمان خان نے اپنے ٹوئٹس میں کہا تھا کہ یعقوب میمن بے گناہ ہے اور وہ صرف اپنی بھائی ٹائیگر میمن کے جرائم میں پھانسی چڑھ رہا ہے، اسے رہا کیا جانا چاہئے۔ اس پر بھارت بھر میں احتجاج شروع ہوگیا۔ ممبئی کی فضا میں تناو¿ کے سبب بھارتی پولیس اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر سیکیورٹی بھی بڑھا چکی ہے۔