سرگودھا(این این آئی)ہائر ایجوکیشن کمیشن نے سرگودھا یونیورسٹی کو آن لائن ایجوکیشن کی فراہمی کیلئے100فیصد تیار قرار دے دیا۔ذرائع کے مطابق یونیورسٹی آف سرگودھا بہترین آن لائن ایجوکیشن کی سہولت فراہم کرنے والی پنجاب کی جامعات میں چوتھے جبکہ پاکستان بھر کی جامعات کی درجہ بندی میں 13ویں نمبر پر ہے۔ اس طرح ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پاکستان بھر کی جامعات کی
آن لائن ایجوکیشن کی فراہمی کیلئے تیاریوں کو جانچنے کیلئے ایک سروے کیا۔ جس میں آن لائن ایجوکیشن کیلئے ٹیکنالوجی کے موثر استعمال،آن لائن ایجوکیشن کو جانچنے کے نظام، لائبریری، لیبارٹری، کورس، فیکلٹی اور طلبہ کا جائزہ لیا گیا اور فیکلٹی کی جانب سے معیاری تعلیم کی فراہمی اور طلبہ کو دستیاب انٹرنیٹ کی سہولیات کا سروے میں جانچ کا پیمانہ رکھا گیا۔سرگودھا یونیورسٹی پاکستان کی ان جامعات میں شامل ہے کہ جنہوں نے مارچ میں کرونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے بعد تدریسی نظام کو آن لائن میڈیم پر منتقل کرتے ہوئے آن لائن کلاسز کا اجراء کیا۔ سرگودھا یونیورسٹی نے آن لائن ایجوکیشن کی نگرانی کیلئے کثیر الجہتی طریقہ کار کو اپنایا تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیم میسر آئے جبکہ وہ طلبہ جن کو انٹرنیٹ کی دستیابی میں مسائل کا سامنا تھا ان کو سمسٹر فریز کرانے کی سہولت دی گئی۔سرگودھا یونیورسٹی نے مستعدی سے اپنا لرننگ مینجمنٹ سسٹم (LMS)بنایا جس میں آن لائن ٹیچنگ کیلئے کورس بینک بھی قائم کیا گیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ امتحانات کے آن لائن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے فول پروف سافٹ ویئر کی تیاری اگلے ماہ کے شیڈول امتحانات سے پہلے مکمل ہو جائے گی۔ایچ ای سی کے سروے میں آن لائن تیاریوں کے لحاظ سے سرگودھا یونیورسٹی کی شر ح 100فیصد رہی ۔تکنیکی تیاری کیلئے بھی سرگودھا یونیورسٹی 100فیصد جبکہ لائبریری اورلیبارٹری کی
آن لائن سہولیات میں بھی 100فیصد،آن لائن ایجوکیشن کو جانچنے کے نظام میں 100فیصد،کورس کی تیاریوں میں 99.43فیصد، آن لائن ایجوکیشن کیلئے فیکلٹی کی تیاری کے لحاظ شر ح سے90.78فیصدرہی ۔ آن لائن ایجوکیشن کیلئے طلبہ کی تیاری کے حوالے سے سرگودھا یونیورسٹی کی شر ح 85.71فیصد رہی جس کی وجہ یونیورسٹی میں پہلے سے جاری بہار سمسٹر2020ء کے تحت
آن لائن کلاسز تھیں اور یونیورسٹی نے ایچ ای سی کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق انٹرنیٹ کنیکشن کی رسائی کے حوالے سے سروے رپورٹ بھی جمع کرائی ہے اور طلبہ کو درپیش مسائل کو جانچنے اور حل کرنے کیلئے ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز کے تحت ایک شکایات سیل قائم کیا گیا جس سے طلبہ کے بہت سے مسائل بشمول سمسٹر فریز، انٹرنیٹ کی رسائی و دیگر کو حل کیا گیا جو ایچ ای سی کی اس درجہ بندی میں شامل نہ تھا۔