اسلام آباد (نیوز ڈیسک)دبئی پولیس نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور مسافروں کے جان و مال کے تحفظ کے عزم کو ثابت کر دکھایا ہے۔تامل ناڈو کے معروف یوٹیوبر مدن گووری نے حال ہی میں ایک خوشگوار تجربہ شیئر کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ کس طرح دبئی پولیس اور ایمریٹس ایئرلائنز نے ان کا کھویا ہوا موبائل فون تلاش کرکے واپس پہنچایا۔گووری کے مطابق، گزشتہ ہفتے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دورانِ سفر ان کا فون کہیں رکھ کر بھول گئے تھے۔
View this post on Instagram
ابتدائی طور پر انہوں نے یہی سوچا کہ اب فون واپس نہیں ملے گا، تاہم ایئرپورٹ انتظامیہ سے رابطے کے بعد انہیں فون کی تفصیلات ای میل کرنے کا کہا گیا۔چند دن بعد جب وہ چنئی واپس پہنچے تو انہیں ایک ای میل موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ ان کا فون مل گیا ہے۔ دبئی پولیس نے ایمریٹس ایئرلائن کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے فون کو اگلی دستیاب پرواز کے ذریعے بغیر کسی اضافی لاگت کے ان تک پہنچا دیا۔ اس فوری اور مؤثر اقدام نے نہ صرف یوٹیوبر کو متاثر کیا بلکہ ان کے ہزاروں مداحوں نے بھی انسٹاگرام پر ان کی شیئر کی گئی اس کہانی کو سراہا۔یہ پہلا موقع نہیں کہ دبئی پولیس نے کھوئی ہوئی قیمتی اشیا واپس کی ہوں۔ اس سے قبل بھی ایک مسافر کے زیورات سے بھرے بیگ کو، جو غلطی سے بنگلادیش چلا گیا تھا، برآمد کر کے اس کے اصل مالک تک پہنچا دیا گیا تھا۔