نئی دہلی(این این آئی)نئی دہلی دنیا کا آلودہ ترین شہر ہے، سموگ نے سانس لینا دشوار کر دیا، سموگ کے اس راج میں نئی دہلی میں خالص آکسیجن میں 15 منٹ سانس لینے کی پیشکش کی جا رہی ہے، یہ پیشکش اپنی نوعیت کی پہلی آکسیجن بار کی جانب سے کی جارہی ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق آکسی پیور(خالص آکسیجن)کے نام سے کھلنے والی اس بار میں 15 منٹ سانس لینے کے 300 روپے لیے جا رہے ہیں، اس آکسیجن میں کئی اقسام کے تیل کی خوشبو شامل کی گئی ہے، پندرہ منٹ تک آکسی پیور بار میں جا کر اپنے منہ پر ماسک پہنیں اور خالص آکسیجن
میں سانس لیں۔آکسی پیور کے مالک 26 سالہ آیاویر کمارنے کہاکہ یہ دہلی میں اپنی نوعیت کی پہلی کمرشل سہولت ہے جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عام شہری، شہر کی انتہائی آلودہ فضا سے کچھ دیر کے لیے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ 30 سے 40 تک گاہک آتے ہیں، گاہکوں کو یہ سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے کہ وہ اگر چاہیں تو آکسیجن کے چھوٹے ڈبے اپنے ساتھ لے جائیں تاکہ وہ صاف ہوا میں سانس بھی لے سکیں اور ان کی معمول کی مصروفیات زندگی بھی متاثر نہ ہوں۔ جیسے جیسے سموگ بڑھتی ہے تو ہمارے ہاں رش بھی بڑھتا جاتا ہے۔