اسلام آباد(آن لائن)اگست 2019 کے اختتام پر ملک میں براڈ بینڈ صارفین کی مجموعی تعداد 73 ملین تک بڑھ گئی۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے اعدادو شمار کے مطابق ملک میں براڈ بینڈ صارفین میں سے 97 فیصد صارفین موبائل براڈبینڈ سے مستفید ہو رہے ہیں جن میں تھری جی اور فور جی صارف شامل ہیں اس طرح اگست 2019 کے اختتام پر موبائل براڈ بینڈ صارفین کی تعداد73 ملین تک پہنچ گئی۔انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ
صارفین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور شعبہ سے استفادہ کے ذریعے قومی معیشت کی ترقی میں مد دحاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پڑھے لکھے اور نوجوان افراد انٹرنیٹ کی مدد سے گھر بیٹھے بٹھائے ماہانہ پرکشش آمدن حاصل کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شعبہ میں فری لانسنگ کے فروغ کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے جس سے براڈ بینڈ سے حقیقی استفادہ کے ذریعے بے روزگاری کی شرح کو کم کرنے میں مدد حاصل کی جاسکے گی۔