نئی دہلی(آن لائن)بھارت نے چاند پر اپنا خلائی مشن بھیجنے کا عمل پرواز سے ایک گھنٹہ قبل ’تکنیکی خرابی‘ کے باعث روک دیا۔ روس، امریکا اور چین کے بعد بھارت چاند کی سطح پر خلائی مشن بھیجنے والا چوتھا ملک بننے کے لیے چندرایان 2 نامی مشن بھجوانا چاہتا تھا۔ غیر ملکی خبر رساںادارے کے مطابق بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے انڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ
چاند کی جانب خلائی مشن روانہ کرنے سے ایک گھنٹہ قبل لانچنگ گاڑی میں تکنیکی خرابی دیکھی گئی جسکے باعث چندرایان 2 کی ہونیوالی لانچنگ مؤخر کردی گئی ہے، اس کی دوبارہ لانچنگ کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔آندھرا پردیش میں واقع سپیس سینٹر کے حکام کا کہنا ہے کہ مسئلہ لانچ کیے جانے والی گاڑی کے سسٹم میں تھا۔ بھارت نے چندرایان 2 کی تیاری پر 140 ملین ڈالر خرچ کیے ہیں۔