کراچی(این این آئی)5جی ٹیکنالوجی کے تعارف نے دنیا میں بہت کھلبلی مچا دی ہے، ہواوے پر امریکی پابندی کی بڑی وجہ اس کمپنی کی فائیو جی ٹیکنالوجی پر اجارہ داری ہے جس کی بدولت وہ دنیا میں اسے متعارف کرانے کی اہلیت رکھتی ہے۔پاکستان اگرچہ روایتی طور پر انٹرنیٹ کے میدان میں دنیا سے پیچھے رہا ہے لیکن 5جی ٹیکنالوجی کے حوالے سے وہ دنیا کے چند ان
ممالک میں شامل ہے جو اس کا آغاز کر رہے ہیں۔پاکستانی ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی(پی ٹی اے)نے پاکستان میں فائیو جی کو پاکستان میں متعارف کرانے کا فریم ورک پیش کر دیا ہے۔ملک میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد میں ہوشربا اضافے اور تیزتر رفتار کی خواہش کے باعث ہواوے کے لیے یہاں 5جی متعارف کرانے کے لیے ماحول سازگار ہے جس کے باعث اس کے تیزی سے مقبول ہونے کے امکانات روشن ہیں۔ہواوے کمپنی کی تیارکردہ یہ ٹیکنالوجی اپنی تیز رفتاری کے باعث اور آواز و تصویر میں تاخیر کی خامی سے پاک ہونے کے باعث پوری دنیا میں انقلاب لانے کی اہلیت رکھتی ہے۔پی ٹی اے کے مطابق آغاز میں اسے غیرتجارتی بنیادوں پر آزمائشی طور پر شروع کیا جائے گا تاکہ پورے ملک میں پھیلانے سے پہلے اسے پرکھا جا سکے۔حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس عمل میں شروع سے ہی ایسی تمام کمپنیوں کو مدعو کرے گی جو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی)یا پاکستان انجینئرننگ کونسل(پی ای سی)میں رجسٹرڈ ہوں گی۔