دبئی(این این آئی)عالمی شہرت یافتہ مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹویٹر کے بانی جیک ڈورسی ان دنوں دْنیا بھرمیں کمپنی کے دفاتر کے دوروں پرہیں۔ وہ شیڈول کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پرپہنچے تو ان کا سرکاری سطح پر شاندار استقبال کیا گیا۔
ٹویٹر کے بانی اپنے حیران کن استقبال پرششدر رہ گئے۔عرب ٹی وی کے مطابق جیک ڈورسی کو دبئی حکام نے والہانہ استقبال کرکے حیران کردیا۔ دبئی ہوائی اڈے پر پہنچنے پرانہوں نے اپنا پاسپورٹ وصول کیا جس پر معزز مہمان کے ساتھ والہانہ محبت کے اظہار کے طور پر ٹویٹر کے لوگو پرمشتمل خصوصی لیبل لگایا گیا تھا۔ بعد ازاں وہ تصویر ڈورسی نے ٹویٹر پربھی پوسٹ کی۔ٹویٹر کے لوگو سے متصل پاسپورٹ پر متحدہ عرب امارات کی طرف سے خیرمقدمی مہر بھی چسپاں کی گئی۔اس مہر پرڈورسی کی دبئی میں داخلے کی تاریخ درج ہے۔سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی اس تصویر نے ہل چل پیدا کردی۔ اسے بڑے پیمانے پر شیئر اور پسند کیا گیا۔بعد ازاں جیک ڈورسی نے مشرق وسطیٰ کے پہلے دورے کے دوران حاکم دبئی کے نائب الشیخ مکتوم بن محمد بن راشد آل مکتوم سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر ٹویٹر کے بانی کو متحدہ عرب امارات کے نائب صدر الشیخ محمد بن راشد آل مکتوم الشیخ محمد بن راشد کی ٹویٹر پرپوسٹ کی گئی ٹویٹس پرمشتمل کتاب کا تحفہ پیش کیا۔