کراچی(این این آئی) بین الاقوامی کمپنی ایوی ایشن نے بجلی سے چلنے والا طیارہ متعارف کروا کر ٹیکنالوجی کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا۔ ایلس نامی طیارہ 9 مسافروں کیساتھ 10 ہزار فٹ کی بلندی پر 650 میل تک سفر کرسکتا ہے۔رپورٹس کے مطابق دنیا کا پہلا مکمل الیکٹرک کمرشل طیارہ پیرس کے ائیر شو میں متعارف کرایا گیا جس کی ساخت عام طیاروں سے کافی مختلف ہے۔اس طیارے میں لیتھیم اون بیٹری لگائی گئی ہے جس کی بدولت 276 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے 10 ہزار فٹ کی بلندی پر 650 میل تک سفر کرسکتا ہے۔
کمپنی حکام کے مطابق اس برقی طیارے کے آرڈر بھی ایک امریکی کمپنی کیپ ایئر سے مل چکے ہیں اوراسکا پہلا ماڈل 2022 تک کمرشل پرواز کرنے لگے گا۔یہ کمپنی اس طرح کے ایک بڑے ماڈل کو بھی تیار کررہی ہے جس میں زیادہ طاقتور بیٹری لگائی جائے گی جس کی بدولت وہ 738 میل تک سفر کرسکے گا۔ اگرچہ طویل فاصلے تک برقی طیاروں کی پرواز طویل عرصے تک ممکن نہیں مگر مختصر فاصلے کے لیے یہ کارآمد ثابت ہوسکیں گے جو کہ ماحولیاتی آلودگی کے مسئلے پر قابو پانے میں بھی مدد فراہم کریں گے۔