اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اپنے کمپیوٹر اور موبائل فونز کی اسکرین کے سامنے گھنٹوں گزارنا چہرے پر جھریوں کو وقت سے دس سال قبل ہی نمودار کرنے کا باعث بن سکتا ہے یا یوں کہہ لیں کہ قبل از وقت بڑھاپا طاری ہوسکتا ہے۔یہ انتباہ برطانیہ میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔ تحقیق کے مطابق گھنٹوں تک اسکرینز کے سامنے وقت گزارنا نوجوانی میں ہی جھریوں کے سامنے آنے کا باعث بن سکتا ہے۔تحقیق میں بتایا کہ آج کل نوجوانوں کے چہروں پر قبل از وقت بڑھاپے کے آثار نمودار ہونے
کی ذمہ داری بہت زیادہ وقت اسکرینوں کے سامنے گزارنا ہے۔تحقیق کے مطابق بہت جلد وہ وقت آئے گا جب صرف 25 سال کی عمر میں ہی نوجوانوں کو جھریوں سے نجات کے لیے طبی مدد لینا پڑا کرے گی۔محققین کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ایسے نوجوانوں کی تعداد میں چار گنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جن کے چہروں پر جھریاں نمودار ہوچکی ہیں حالانکہ ایسا ہونا عام حالات میں ممکن نہیں ہوتا۔انہوں نے بتایا کہ اس کی وجہ اسکرینوں کے سامنے اپنا زیادہ وقت گزارنا ہے۔