ٹوکیو( آن لائن )جاپان کی الیکٹرانکس کی بڑی کمپنی توشیبا نے دنیا کا تیز ترین الگورزم تیار کرنے کا اعلان کردیا ہے۔کمپنی کے مطابق اس فارمولے سے کمپیوٹروں کی حساب کتاب کرنے کی استعداد کار میں خاطرخواہ اضافہ ہو گا۔ توشیبا کا کہنا ہے کہ یہ الگورزم مختلف تراکیب کے شعبے میں بہترین نتائج حاصل کرنے کی جانب بڑی پیشرفت ہے۔اس عمل کے تحت مختلف ممکنہ صورتوں میں سے بہترین عمل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ معاشرے اور کاروبار میں درپیش مختلف مسائل کو
حل کرنے میں مدد ملے گی۔ ان میں ترسیل کے باکفایت راستوں کی نشاندہی اور نئی ادویات کی تیاری کو آسان بنانے کا عمل شامل ہے۔ ماہرین کا خیال رہا ہے کہ کسی مسلے کے کئی حل میں سے بہترین حل تلاش کرنے کے لیے کوانٹم کمپیوٹرز کہلانے والے کمپیوٹروں کی مدد سے اعدادوشمار کا بڑا حساب کتاب کرنا ہو گا۔ توشیبا کا کہنا ہے کہ اس کا الگورزم عام کمپیوٹروں پر استعمال کیا جا سکتاہے اور دنیا کے تیز ترین کمپیوٹروں کی ممکنہ اہلیت کے مقابلے میں دس گنا تیز ہے۔