واشنگٹن(این این آئی)امریکی خلائی ادارے ناسا نے انڈیا کی جانب سے میزائل کے ذریعے اپنے ایک مصنوعی سیارے کی خلا میں تباہی کو ایک خوفناک چیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے اس سے بین الاقوامی خلائی سٹیشن کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ناسا کے سربراہ جم برائڈسٹین نے کہا کہ اس تجربے کی وجہ سے دس دن میں ملبے کے بین الاقوامی خلائی مرکز سے ٹکراؤ کا خطرہ 44 فیصد بڑھ گیا تھا۔تاہم انھوں نے کہا کہ آئی
ایس ایس فی الوقت محفوظ ہے اور اگر ہمیں اس کی جگہ بدلنی پڑی تو ہم ایسا کریں گے۔ناسا کے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے جم برائڈسٹین نے سیٹلائٹ شکن ہتھیاروں کے تجربات پر کڑی تنقید کی۔ان کا کہنا تھا کہ ناسا نے خلائی ملبے کے 400 ٹکڑوں کی نشاندہی کی ہے جن میں سے 60 ٹکڑے ایسے ہی جو دس سنٹی میٹر سے بڑے ہیں۔ جم کے مطابق ان میں سے 24 ٹکڑے ایسے ہیں جو خلائی مرکز کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔