نیویارک(این این آئی)مقبول ترین میسجنگ اپلیکشن واٹس ایپ نے بھارت میں عام انتخابات کے دوران جعلی خبروں سے نمٹنے کے لیے ایک نیا فیچر (ٹپ لائن)لانچ کیا ہے جس کی مدد سے شہری افواہوں کی تصدیق کرسکیں گے۔برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی
جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وہ صارفین کی جانب سے بھیجے گئے پیغامات کی درست، جعلی، گمراہ کن یا متنازع کے طور پر درجہ بندی کے لیے بھارتی اسٹارٹ اپ کمپنی پروٹو کے ساتھ کام کررہے ہیں۔اس سے قبل جولائی 2018 میں واٹس ایپ نے افواہوں کو پھیلنے سے روکنے کے لیے دنیا بھر میں اپنے تمام صارفین پر پیغامات آگے فارورڈ کرنے کے حوالے سے پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔واٹس ایپ بلاگ میں بتایا گیا تھا کہ بھارت میں جہاں لوگ دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ پیغامات، تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہیں، وہاں بھی ہم فارورڈ پیغام کی حد کا ٹیسٹ کررہے ہیں اور ایک وقت میں صرف 5 چیٹ کو پیغام فارورڈ کیا جاسکے گا، جبکہ ہم کوئیک فارورڈ بٹن بھی میڈیا میسجز میں سے ہٹا رہے ہیں۔واٹس ایپ کی جانب سے بلاگ میں یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ بھارت سے باہر دیگر ممالک میں فارورڈ میسج کی کیا حد ہوگی۔تاہم کمپنی کے ایک ترجمان نے اس حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا بھر کے صارفین کے لیے یہ حد 20 ہوگی اور لوگ 20 سے زیادہ دوستوں یا گروپس میں کسی پیغام کو فارورڈ نہیں کرسکیں گے۔