کراچی(این این آئی)پاکستان میں تھری اور فور جی صارفین کی تعداد 6 کروڑ سے تجاوز کرگئی ۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی رپورٹ کے مطابق 31 جنوری 2019ء تک ملک میں موبائل فون استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 15 کروڑ 33لاکھ 2ہزار تک بڑھ گئی اس طرح دسمبر2018ء کے مقابلہ میں جنوری 2019ء کے دوران موبائل فون صارفین کی تعداد میں 0.684 ملین کا اضافہ ہوا ہے، دسمبر 2018ء کے
اختتام پر صارفین کی تعداد 15 کروڑ 39 لاکھ 86 ہزار ریکارڈ کی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں موبائل فون استعمال کرنے والوں کی شرح مجموعی آبادی کے 75.78 فیصد تک بڑھ گئی جو دسمبر 2018ء کے اختتام پر 75.15 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ دوسری جانب جنوری 2019ء کے اختتام پر ملک میں براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 6 کروڑ 51 لاکھ 39 ہزار 237 تک بڑھ گئی جو دسمبر 2018ء کے اختتام پر 6 کروڑ 37 لاکھ 73 ہزار 916 تھی۔