لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 10 سیریز کے فونز اگلے ہفتے منظرعام پر آئیں گے جن کے بارے میں متعدد افواہیں، رپورٹس اور لیکس سامنے آچکی ہیں، جن کو دیکھ کر لگتا ہے کہ ان ڈیوائسز کے بارے میں لگ بھگ تمام تر تفصیلات لوگ جان چکے ہیں۔ یقیناً لیکس یا رپورٹس مصدقہ نہیں ہوتیں اور ان کی تصدیق کے لیے 20 فروری کو لاس اینجلس میں شیڈول
ایونٹ کا انتظار کرنا ہوگا۔ مگر اب جنوبی کورین کمپنی نے خود اپنے فلیگ شپ فونز (3 یا 4 جتنے میں متعارف ہوں گے)، کے چند فیچرز کی تصدیق خود کردی ہے۔ سام سنگ ویت نام نے یوٹیوب چینیل پر چند ویڈیو کے ذریعے اپنی فلیگ شپ فون سیریز کے چند فیچرز کی تصدیق کی۔ سب سے پہلا فیچر جس کی تصدیق ویڈیو میں کی گئی وہ تو انفٹنی او ڈسپلے تھا یعنی بیزل ختم کرنے کے لیے فرنٹ کیمرے کو ایک سوراخ میں دیا جارہا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اسکرین میں فنگرپرنٹ سنسر نصب کرنے کی تصدیق بھی ہوئی۔ دوسری ویڈیو میں جس فیچر کی تصدیق ہوئی وہ 4 کے کیمرا ود پروفیشنل وائبریشن کی موجودگی کی ہے، جو کہ آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن کا حوالہ ہے۔ ویڈیو میں سام سنگ نے دیگر کمپنیوں کے فونز میں موجود نوچ ڈیزائن کا مذاق بھی اڑایا ہے۔ آخری ویڈیو میں سام سنگ نے تصدیق کی ہے کہ ایس 10 سیریز ریورس وائرلیس چارجنگ کے فیچر سے لیس ہے یعنی اس فون سے آپ وائرلیس دیگر ڈیوائسز کو بھی چارج کرسکیں گے۔ مختلف لیکس کے مطابق ایس 10 نئے گلیکسی وائرلیس ہیڈفونز کو بھی چارج کرسکے گا جو اس فون کے ساتھ ہی متعارف ہوں گے۔