سان فرانسسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک نے معروف ویڈیو میوزک ایپ ’ٹک ٹاک‘ کے مدِ مقابل اپنی نئی ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق رواں برس موبائل صارفین کے لیے ’ٹک ٹاک‘ نامی ایپ متعارف کرائی گئی تھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے لوگوں کی توجہ حاصل کی اور اب اس کو استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 5 کروڑ سے تجاوز کر چکی۔
ٹک ٹاک دراصل Dub-smash نامی ایپ کی طرز پر بنائی گئی، جس میں صرف صارف کو ہونٹ ہلانے ہوتے ہیں اور وہ ویڈیو ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر شیئر کرتا ہے۔ نوجوانوں اور صارفین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیس بک نے ٹک ٹاک کی طرز پر ’لاسو‘ نامی ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا جو ابھی آزمائشی مراحل میں ہے۔ فیس بک کی جانب سے ممکنہ طور پر آئندہ چند روز میں ’لاسو‘ کو تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا، ایپ کی تیار ہوچکی جبکہ اس کے قواعد و ضوابط سمیت دیگر امور حتمی مراحل میں ہیں۔ فیس بک کی اسٹینڈ الون یعنی میوزک ایپ لاسو استعمال کرنے والے صارفین کسی بھی مقبول گانے پر ٹک ٹاک کی طرح صرف ہونٹ ہلائیں گے یا پھر کسی دوسرے صارف کے ساتھ مل کر اپنی ویڈیو بنا سکیں گے۔ ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ نے فیس بک کی نئی ایپ ’لاسو‘ کی تصویر بھی جاری کی۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ لاسو ٹک ٹاک پر بازی لے جائے گی کیونکہ فیس بک کے دنیا بھر میں موجود صارفین کی تعداد کروڑوں میں ہے۔