نیویارک(این این آئی)دنیا کا معروف ترین انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل 19 برس کا ہوگیا۔گوگل نے اپنی سالگرہ کا 19 واں جشن مناتے ہوئے نیا ڈوڈل بھی جاری کیا، جس میں ایک سر پرائز اسپنر بنایا گیا ہے جو پلے کرتے ہی گھومنا شروع کر دیتا ہے۔اسپنر پلے کرنے پر ہر بار نیا گفٹ جیتا جا سکتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق گوگل کا خیال 1998 میں اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے ایک ریسرچ پراجیکٹ کے دوران اْس وقت سامنے آیا تھا
جب 2 طالب علموں لیری پیج اور سرگئی برن نے سرچ انجن کا خیال پیش کیا جو دیگر ویب پیجز کی درجہ بندی کرے۔گوگل نے 2013 میں اپنی سالگرہ کے حوالے سے الجھن کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کئی مختلف تاریخوں پر سالگرہ منا چکا ہے مگر اب وہ 27 ستمبر پر ٹکا ہوا ہے۔کمپنی نے یہ تاریخ ممکنہ طور پر اس لیے منتخب کی ہے کیونکہ پہلا برتھ ڈے ڈوڈل 2002 میں اسی تاریخ کو استعمال کیا گیا تھا۔19 سال پہلے اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں تشکیل دیا جانے والا یہ سرچ انجن اس وقت دنیا کی سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ویب سائٹ ہے۔