اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے آئی ٹی ماہرین کامیابیوں کے جھنڈے گاڑھ رہے ہیں، ان کامیابیوں کا نتیجہ ہے کہ پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ رہا ہے اور پاکستان کے آئی ٹی ماہرین جس طرح آئے روز نئے طریقہ کار استعمال کر رہے ہیں اور دنیا بھر
کی آئی ٹی صنعت میں اپنی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑھ رہے ہیں، یہ کامیابیاں ہمارے لئے باعث فخر ہیں، سیف سٹی پراجیکٹس ہوں یا دیگر اہم سنگ میل، پنجاب حکومت نے ہراول دستے کا کام کیا ہے، ایسے میں حکومت پنجاب نے دبئی پولیس کو جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنے اور آئی ٹی کے استعمال کے لئے معاونت فراہم کرنے کا معاہدہ کر لیا ہے جو کہ پاکستان کے لئے ایک قابل فخر بات ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں پنجاب آئی ٹی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا کہ پاکستان کے لیے یہ لمحہ قابل فخر ہے کیوں کہ حکومت پنجاب دبئی پولیس کو ٹیکنالوجی میں معاونت فراہم کرے گی۔ واضح رہے کہ پنجاب آئی ٹی بورڈ اور دبئی پولیس کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے اور اس حوالے سے دبئی پولیس کے چیف اور پنجاب آئی ٹی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط بھی کر دیے ہیں۔ اس معاہدے نے ثابت کیا ہے کہ ہمارے آئی ٹی ماہرین کس قدر اچھا کام کر رہے ہیں۔