واشنگٹن(این این آئی)اسمارٹ آلات تیار کرنے والی دنیا کی معروف ترین کمپنی ایپل نے چیزوں کے ڈزائن چوری کرنے پر موبائل کمپنی نوکیا کو 2 ارب ڈالر دے دئیے۔ایپل پر الزام تھا کہ اس نے معروف موبائل ساز کمپنی نوکیا کے سافٹ ویئرز، ویڈیو کالنگ، چِپِ سیٹ، ڈسپلے اسکرین اور اینٹینا سمیت دیگر چیزوں کے ڈزائن کاپی کیے تھے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق نوکیا نے کہاکہ ایپل نے اپنی چیزوں کو ان کے چوری کیے گئے ڈزائن سے تیار کیا، نوکیا کا دعویٰ تھا کہ اس نے ان تمام آلات کے پیٹنٹ خرید رکھے تھے۔نوکیا اور ایپل کے درمیان آلات کے ڈزائن چوری کرنے اور پیٹنٹ کے معاملے پر کئی ماہ تنازع چلتا رہا، نوکیا نے عالمی پیٹنٹ عدالت سے رجوع کرنے کا بھی اعلان کیا، مگر بعد ازاں دونوں کمپنیوں کے درمیان ایک معاہدہ طے پاگیا۔دونوں کمپنیوں کے درمیان رواں برس مئی میں معاہدہ طے پایا تھا کہ ایپل موبائل ساز کمپنی نوکیا کو جرمانے کی مد میں 2 کروڑ ڈالر ادا کرے گی۔نوکیا کی مصنوعات سے متعلق خبریں اور معلومات نشر کرنے والی ویب سائٹ نوکیا موب ڈاٹ نیٹ نے تصدیق کی کہ ایپل نے جرمانے کے 2 ارب ڈالر ادا کردیے۔ نوکیا عہدیداروں نے اس بات کی تصدیق کی ایپل نے انہیں جرمانے کی رقم یوروز میں ادا کی۔ایپل نے نوکیا کو ایک ارب 70 کروڑ یوروز 29 جولائی کو ادا کردیے۔