لاہور ( آن لائن) آن لائن ملبوسات کی خریدار خواتین ہو جائیں ہوشیار، آن لائن ملبوسات کی خریداری میں فراڈ شروع ہو گئے، عدالت نے فیس بک انتظامیہ کو سوشل میڈیا پر خواتین کے ملبوسات فروخت کرنے والے فیس بک پیج کے مالک کی تفصیلات فراہم کرنے کاحکم دے دیا ۔ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ فاروق اعظم سوہل نے ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت کی،
ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے مسعود سرور کی درخواست پر انکوائری مکمل کر کے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ درخواستگزار کی اہلیہ قدسیہ نے فیس بک پیج فائیو سٹار کچور سے آن لائن پارٹی ڈریس خریدا اور اس کے لئے خاتون نے 13ہزار روپے موبی کیش کے ذریعے فیس بک پیج کے مالک کو بھجوائے، تفتیشی افسر نے ملبوسات فراڈ میں ملوث ملزم کے موبائل نمبر اور شناختی کارڈ کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایاکہ ملزم نے فیس بک پیج فائیو سٹار کچور سے ملنے والے آرڈر کے مطابق پارٹی ڈریس خریدار خاتون کو فراہم نہیں کیا بلکہ ملزم نے اپنا موبائل فون بھی بند کر دیا ہے لہٰذا آن لائن ملبوسات کی فروخت میں فراڈ کرنیوالے فائیو سٹار کچور فیس بک پیج کا رجسٹریشن ڈیٹا اور سرگرمیوں کا ریکارڈ فراہم کرنے کاحکم دیا جائے، عدالت نے دلائل سننے اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد فیس بک انتظامیہ کیلیفورنیا کو سوشل میڈیا پر خواتین کے ملبوسات فروخت کرنے والے فیس بک پیج کے مالک کی تفصیلات ایف آئی اے کو فراہم کرنے کاحکم دے دیا ۔