اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان بھر میں انٹر نیٹ سروسز سست روی کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے صارفین خاصے پریشان ہیں۔ پی ٹی سی ایل ذرائع کے مطابق ہمارے ملک کو باقی دنیا کے ساتھ جوڑنے والی سب میرین کیبلز میں نقص کی وجہ سے انٹرنیٹ سروس پاکستان بھر میں سست ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹرانس ورلڈ کے کنکشن میں پچھلے کچھ دنوں سے مشکلات سامنے آ رہی تھیں، جس کی وجہ سے ساری ٹریفک کو پی ٹی سی ایل پر منتقل کیا گیا اور
یہی وجہ ہے کہ انٹرنیٹ سروسز میں سستی دیکھی جا رہی ہے۔ پی ٹی سی ایل کا کہنا ہے کہ سب میرین کیبلز میں خرابی کی وجہ سے انٹرنیٹ صارفین کو خصوصاً مصروف ترین گھنٹوں میں سپیڈ سے متعلق شکایات ہوں گی، پی ٹی سی ایل نے اپنے بیان میں بتایا کہ سب میرین کیبلز کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے اس کے علاوہ مختلف انٹرنیٹ کیبلز پر اضافی بینڈ وڑتھ بھی شامل کر دی گئی ہے تاکہ صارفین کی مشکلات میں کمی واقع ہو اور انٹرنیٹ کی سپیڈ ٹھیک ہو جائے۔