ملبورن (مانیٹرنگ ڈیسک) شمسی توانائی سے بجلی بنانے کیلئے سولر پینل استعمال اب خاصا عام ہو چکا ہے ۔دنیا بھر میں سولر پینل کے ذریعے بجلی تیار کی جارہی ہے،مگر اب سولرپینل کی حکمرانی بھی بہت جلد ختم ہونے والی ہے، کیونکہ سائنسدانوں نے سولر پینٹ (رنگ) بنا لیا ہے جو دیواروں پر لگانے سے بجلی پیدا کرے گا۔آسٹریلیا کے رائل ملبورن انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ماہرین نے سولر پینٹ تیار کرلیا ہے۔
سولر پینٹ یعنی شمسی رنگ میں ٹیٹانیم آکسائیڈ اور مصنوعی مولبڈینم سلفائیڈ بھی شامل کیا گیا ہے۔ان اجزاءسے مل کر تیار ہونے والا رنگ ہوا میں موجود آبی بخارات کو جذب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ سورج کی روشنی جذب کر کے پانی کے سالمات کو ہائیڈروجن اور آکسیجن میں تقسیم کرتا ہے، جسے آپس میں ملا کر بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔یہ رنگ اور اس سے وابستہ تمام نظام فی الحال ابتدائی شکل میں ہے، جسے قابلِ استعمال بنانے میں مزید 5 سے 6 برس لگیں گے۔