اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بغیر بیٹری کے چلنے والا موبائل فون منظر عام پر آ گیا، تفصیلات کے مطابق جیسے جیسے سمارٹ فون کا استعمال بڑھتا جا رہا ہے اس کے ساتھ ساتھ موبائل فون کی بیٹری ختم ہو جانا ایک تکلیف دہ امر ہوتا ہے ماہرین نے اس تکلیف کا حل بھی تلاش کر لیا ہے، یونیورسٹی آف واشنگٹن کی تحقیقاتی ٹیم نے ایسا موبائل فون ایجاد کیا ہے جو بغیر بیٹری کے چلتا ہے یہ موبائل فون ہوا اور ریڈیو کی لہروں سے توانائی حاصل کرتا ہے۔ اس بغیر بیٹری موبائل فون کے لئے ’’بیکس کیٹرنگ ٹیکنالوجی‘‘ کا استعمال کیا گیا ہے اور اس کے ذریعے فضا میں
پہلے سے موجود ریڈیو کے سگنلز کو استعمال کرتے ہوئے معلومات کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔اس طرح یہ موبائل خود ہی چارج ہوتا رہے گا۔ یونیورسٹی آف واشنگٹن کی اسی ٹیم نے اس بغیر بیٹری موبائل کی ایجاد سے قبل ایک گانا گانے والا پوسٹر ایجاد کیا تھا جو ہوا سے توانائی حاصل کرتا تھا یہ پوسٹر مختلف مقامات پر آویزاں ہیں جس کی مدد سے 12 میٹر دوری سے پوسٹر پر موجود گلوکار کا گانا اپنے موبائل فون میں آپ سن سکتے ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم نے کہا کہ مستقبل میں بیکس کیٹرنگ ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے سمارٹ فون کی دنیا میں انقلاب برپا کریں گے۔