اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کے سب سے بڑے انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل بیروزگار افراد کیلئے فرشتہ بن گیا، العربیہ ڈاٹ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق گوگل اپنے سرچ انجن کو ’ایمپلائمنٹ انجن‘ میں تبدیل کرنے جا رہی ہے اور آئندہ ہفتے سے نوکریوں کے متلاشی حضرات اس تبدیلی سے مستفید ہو سکیں گے۔رپورٹ کے مطابق گوگل سرچ انجن پرانٹرنیٹ پر پوسٹ ہونے والے نوکریوں کے اشتہارات کو مختلف کیٹیگریز میں بانٹ کر کئی فہرستیں بنائے گی اور بے روزگار شخص کو
جس طرح کی نوکری درکار ہو گی وہ اسی نوع کی فہرست میں جا کر نوکری تلاش کر سکے گا۔ گوگل ملازمت دہندگان کی رینکنگ بھی ساتھ جاری کرے گی تاکہ نوکری تلاش کرنے والوں کو کمپنی کی ساکھ کے بارے میں اندازہ ہو سکے۔ اس کے علاوہ نوکری کے اوقات، آپ کی رہائش سے دفتر تک کا فاصلہ بھی ظاہر ہوگا۔ اس سلسلے میں گوگل دیگر کئی متعلقہ سروسز لنکڈان، مونسٹر، وے اپ، ڈائریکٹ ایمپلائرز، کیریئربلڈرز، گلاس ڈور اور فیس بک وغیرہ سے بھی اشتراک کر رہی ہے۔