نیویارک(آئی این پی)امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی سیاروں کی کھوج کرنے والی دوربین نے ہمارے نظام شمسی کے باہر مزید 10 نئے سیارے تلاش کرلیے جن کا سائز اور درجہ حرارت ممکنہ طور پر زندگی کے لیے سازگار ہوسکتا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ناسا کی کیپلر دوربین کے اہم مشن کے اختتام کے بعد ناسا نے اعلان کیا کہ اس نے گولڈیلاکس زون میں کل 49 سیارے تلاش کیے جہاں ممکنہ طور پر زندگی ہوسکتی ہے اور اس نے ان سیاروں کو کہکشاں
کے چھوٹے سے حصے میں پایا۔کیپلر سائنسدان ماریو پیریز نے کہا کہ اس کا مطلب ہم شاید تنہا نہیں ہیں، کیونکہ چار سالوں کا ڈیٹا یہ ظاہر کرتا ہے کہ زمین جیسے سیارے کتنے عام ہوسکتے ہیں۔ناسا سے باہر کے سائنسدانوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ یہ کھوج زندگی کی کہکشاں میں کہیں اور موجودگی کی امید کو تقویت دیتی ہے۔ناسا کا کہنا ہے کہ تلاش کیے گئے ان 10 نئے ممکنہ طور پر رہنے کے قابل سیاروں میں سے کئی ہمارے سورج کے سائز کے برابر ستاروں کے گرد موجود ہیں۔