اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سائنسدانوں نے دنیا کا تیز ترین کیمرہ ایجاد کر لیا جو ایک سیکنڈ میں 5 کھرب یعنی 5ہزار ارب تصویریں کھینچ سکتا ہے۔ اس کیمرے کی ٹیکنالوجی کو ’’فریم‘‘ (FRAME) یعنی ’’فریکوئنسی ریکگنیشن الگورتھم فار ملٹی پل ایکسپوڑر‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل یہ پروٹوٹائپ کیمرہ سویڈن کے سائنسدانوں کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ آئندہ دو سال تک یہ مارکیٹ میں فروخت کیلئے دستیاب بھی ہوجائے گا۔البتہ یہ زبردست ٹیکنالوجی سیلفی لینے یا عام فلم بنانے کیلئے نہیں ہوگی بلکہ اس کی مدد سے کیمیائی (کیمیکل) اور نیوکلیائی (نیوکلیئر) تعاملات وغیرہ کو زیادہ بہتر طور پر دیکھا اور سمجھا جاسکے گا جن میں ایک سیکنڈ کے کھربویں حصے میں واضح تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔