اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ٹیکنالوجی کی دنیا میں روز بہ روز نئی ایجادات ہوتی رہتی ہیں اور کچھ تو ایسی ایجادات ہوتی ہیں کہ ہم حیران ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے اور ایسی ہی ایک حیران کن ایجاد ہوئی ہے چھوٹے سے سمارٹ فون کی صورت میں۔
ویسے تو اسمارٹ فون کی اسکرین وقت کے ساتھ بڑی ہوتی جارہی ہے مگر دنیا میں ایک ایسا فور جی اسمارٹ فون بھی ہے جو واقعی بہت ‘ننھا منا’ ہے۔یہ محض 2.45 انچ اسکرین کے ساتھ ہے جبکہ اس کی مجموعی لمبائی 3.6 انچ اور چوڑائی 1.7 انچ ہے۔مگر چھوٹے سائز سے قطع نظر ‘جیلی’ نامی یہ اسمارٹ فون کسی بھی طرح دیگر ڈیوائسز سے کم نہیں۔اس میں اینڈرائیڈ نیوگیٹ آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے، جو فورجی وائرلیس نیٹ ورک سے مطابقت رکھتا ہے۔یہ فون آسانی سے ہتھیلی میں فٹ آجاتا ہے بلکہ شہادت کی انگلی سے بھی زیادہ لمبا نہیں۔اگر اسے کسی بال پین کے برابر میں رکھا جائے تو آپ کو احساس ہوگا کہ یہ واقعی کتنا چھوٹا اسمارٹ فون ہے۔یہی وجہ ہے کہ اس میں موجود اینڈرائیڈ ایپس دیگر فونز کے مقابلے میں کافی چھوٹی لگتی ہیں مگر کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی ریم ایک جی بی جبکہ میموری 8 جی بی ہے۔اسی طرح 1.1 گیگا ہرٹز کواڈ کور پراسیسر، ڈوئل کیمرہ، ڈوئل سم کارڈ سلاٹ اور طاقتور بیٹری بھی دی گئی ہے۔اس فون کو اگلے ماہ کک اسٹارٹر میں 59 ڈالرز کے عوض فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔