اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اب تک ہم فلموں میں روبوٹک انسان کو دیکھتے رہے ہیں۔ فلمی دنیا میں یہ ایک سائنسی تخیل سے زیادہ کچھ نہیں تھا مگر اب سچ مچ میں ایسے ذہین وفطین روبوٹ
تیار کیے جا رہے ہیں جو دیگر ذمہ داریوں کی انجام دہی کیساتھ ساتھ ٹریفک پولیس جیسی ڈیوٹی بھی ادا کرینگے۔رپورٹ کے مطابق روبوٹک پولیس سب سے پہلے متحدہ عرب امارات کی دبئی ریاست میں متعارف ہوگی۔خود کار مشینی پولیس کا تخیل سب سے پہلے 1987 میں امریکہ میں تیار کی جانیوالی ایک فلم میں پیش کیا گیاتھا۔ آئندہ مئی میں دبئی میں خود کار پولیس کی تعیناتی مرحلہ وار شروع کی جائیگی۔رپورٹ کے مطابق مشینی انسان بھی ایک عام انسان ہی کی طرح کام کرے گا۔ شہری کسی بھی مشینی پولیس اہلکار کے پاس جا کر اپنا مسئلہ بیان کرسکیں گے۔ اگر کسی کو کوئی خطرہ لاحق ہو تو وہ نہ صرف اس مشینی پولیس سے رابطہ کرسکے گا بلکہ پریشانی اور خطرے کے انسداد کیلئے پولیس اہلکار اس کی مدد بھی کریگا۔ خود کار مشینی پولیس اہلکار کے سینے پر ایک سکرین لگی ہوگی جس پر اسکے رد عمل کا اظہار ایک سے زیادہ زبانوں میں کیا جائیگا۔