ملتان(آئی این پی)ملتان کی روبوٹ ویٹرس نے دنیا بھرمیں دھوم مچادی ،سوشل میڈیا کے بعد اب نیشنل اور انٹرنیشنل میڈیا پربھی اس کے چرچے ہیں،ملتان کینٹ کے علاقے میں واقع فاسٹ فوڈ کے نجی ریستوران میں اب روبوٹ ویٹرس مہمانوں کی تواضع کرتی ہے ۔روبوٹ ویٹرس نسٹ( NUST)یونیورسٹی کے گریجویٹ سید اسامہ عزیز کی تخلیق ہے ،جسے انہوں نے 7ماہ کے قلیل عرصے میں ڈیزائن کیا ہے ۔اسامہ عزیز کا کہنا ہے
کہ اس نے چینی روبوٹس سے متاثر ہوکر یہ روبوٹ بنایا ہے اور اب وہ حیدرآباد میں واقع ریسٹورنٹ کیلئے بھی روبوٹ ویٹرزتیار کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ روبوٹ کی تکمیل کیلئے تمام سامان پاکستان سے ہی منگوایا گیا ہے ،روبوٹ کسٹمرسے آرڈر لینے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے ،روبوٹ کو ٹیبل نمبربتایا جاتا ہے اور وہ بتائی گئی ٹیبل نمبرپر کسٹمرز کا آرڈر لیکر پہنچ جاتا ہے ۔اسامہ کا کہنا ہے کہ یہ روبوٹ کا ٹیسٹ ورژن ہے جو 4سے 5لاکھ کی لاگت میں مکمل ہوا ہے ،اسے نئے فیچرز سکھائے جارہے ہیں۔دوسری طرف روبوٹ ویٹرس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے اب نیشنل اور انٹرنیشنل میڈیا میں بھی اس کے چرچے ہیں ،ملتان کے نوجوان انجینئراسامہ عزیز کی اس تخلیق کو کافی سراہا جارہا ہے جبکہ نجی ریستوران کے مالکان بھی چاندی ہوگئی ہے ،خبررساں ادارے آئی این پی سے بات چیت کرتے ہوئے ریسٹورنٹ کے جنرل منیجرعامرشہاب نے کہا کہ روبوٹ ویٹرس کی موجودگی نے ہماری سیل کئی گنا بڑھادی ہے ،کسٹمرزکی طرف سے اسے بہت پسند کیا جارہا ہے ،روزانہ سینکڑوں فیملیاں ہمارے ریسٹورنٹ کا رخ کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ روبوٹ ویٹرزکی تعداد کو بڑھائیں گے جبکہ نئے فیچرز کے ساتھ اس کے اپڈیٹ ورژن بھی جلدلانچ کیے جائیں گے ۔ہمیں فخرہے کہ پاکستان میں پہلی بار اس ٹیکنالوجی کوہم اپنے ریسٹورنٹ میں استعمال کررہے ہیں۔