کیلی فورنیا(مانیٹرنگ ڈیسک) فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے ایک نیا منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت مصنوعی ذہانت والے سافٹ ویئر کی مدد سے سائٹ پر پوسٹ کیے جانے والے شدت پسندانہ مواد کا جائزہ لیا جا سکے گا۔ انھوں نے اپنے ایک خط میں اس منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بالآخر مصنوعی ذہانت والے سافٹ ویئر ایلگوردمز دہشت گردی، تشدد، غنڈہ گردی جیسے مواد کی نشاندہی کر سکیں گے اور اس سے خودکشیاں روکنے
میں بھی مدد ملے گی۔ تاہم انھوں نے کہا کہ اس قسم کے سافٹ ویئر کو مکمل طور پر تیار کرنے میں برسوں لگ سکتے ہیں۔ اس سے متعلق انھوں نے تقریبا 5500 الفاظ پر مشتمل ایک خط میں تفصیلات کا ذکر کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ فیس بک پر ہر روز اربوں کی تعداد میں مختلف طرح کے پیغامات اور تبصرے پوسٹ ہوتے ہیں اور ان کا جائزہ لینا تقریباً ناممکن ہے۔ ان کے مطابق اس بارے میں جن پیچیدگیوں کا ہم نے سامنا کیا ہے اس سے کمیونٹی پر نگرانی کرنے کے لئے ہمارا موجودہ طریقہ کار پیچھے رہ گيا ہے۔مارک زکر برگ نے لکھا ہے ہم ایک ایسے نظام پر تحقیق کر رہے ہیں جو یہ سمجھنے کے لیے پوسٹس کی تحریر پڑھ سکے۔ فوٹو اور ویڈیوز کو دیکھ سکے کہ کہیں کچھ خطرناک تو نہیں ہو رہا ہے۔