اسلام آباد (نیوز ڈیسک)میڈیا اور انٹرٹینمنٹ سے متعلقہ سمارٹ فون ایپس تو آئے روز سامنے آتی رہتی ہیں لیکن پہلی دفعہ ایک ایسی ایپ متعارف کروادی گئی ہے جو زلزلے جیسے خوفناک آفت کی پیشگوئی کرکے لاکھوں انسانوں کی جان بچاسکتی ہے۔ ویب سائٹ ”پرو پاکستانی“ کے مطابق مائی شیک (MyShake) نامی یہ ایپ امریکا کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا ایٹ برکلے کے سائنسدانوں نے ایجاد کی ہے۔ یہ ایپ سمارٹ فون کے ایکسیلرومیٹر کو استعمال کرتے ہوئے زمین میں ہونے والے ارتعاش اور جی پی ایس کوارڈینیٹس کی معلومات ایک مرکزی ڈیٹا بیس کو فراہم کرسکتی ہے، جس کی بناءپر زلزلے کا پتا چلایا جا سکتا ہے۔ ارضی ارتعاش کو درست طور پر محسوس کرنے کے لئے ضروری ہے کہ موبائل فون کو ہموار سطح پر رکھا گیا ہو،اور یہ مکمل طور پر ساکت حالت میں ہو۔ ایپ تیار کرنے والے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ رکٹر سکیل پر 5 یا اس سے زائد شدت کے جھٹکوں کو محسوس کرسکتی ہے، اور اگر 12 ہزار سکوئر کلومیٹر کے علاقے میں300 سمارٹ فون پر بھی یہ ایپ آن ہو تو اس علاقے میں 5 یا اس سے زائد شدت کے زلزلے کے جھٹکوں کو نوٹ کیا جاسکتا ہے۔ اگر کسی علاقے میں موجود 60 فیصد موبائل فونز مقررہ حد سے زیادہ ارتعاش کی اطلاع دیں گے تو ایپ رکھنے والے تمام صارفین کے موبائل فونز پر خطرے کا الارم بجادیا جائے گا۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ چونکہ یہ ایپ صرف ایکسیلرومیٹر کو استعمال کرتی ہے لہٰذا اسے آن رکھنے سے بیٹری کے زیادہ استعمال کا بھی خدشہ نہیں ہے۔ اینڈارائڈ صارفین کے لئے یہ مفید ایپ گوگل پلے پر دستیاب ہوچکی ہے، جبکہ آئی فون کے لئے بھی جلد متعارف کروادی جائے گی