لاہور(نیوز ڈیسک)چین میں ان دنوں ماحول دوست الیکٹرک گاڑیوں کی مانگ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جو دنیا کی سب سے بڑی کار مارکیٹ ہے۔ تفصیلات کے مطابق چین میں گزشتہ ایک برس کے دوران ’’گرین کاروں‘‘ کی مانگ میں چارگنا تک اضافہ ہو گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کی بڑی وجہ اس شعبے میں چینی حکومت کی طرف سے دی جانے والی مختلف مراعات ہیں۔ چینی حکومت کی کوشش ہے کہ ماحول دوست ٹیکنالوجی سے شہری علاقوں میں موجود ہوائی آلودگی پر قابو پایا جائے۔آٹو انڈسٹری ماہرین کا کہنا ہے کہ کار ساز اداروں نے اگر اپنی اس نئی ٹیکنالوجی کو چین میں کامیاب بنا دیا تو دیگر ممالک بھی الیکٹرک کاروں کی طرف راغب ہو جائیں گے۔ اس سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ الیکٹرک کاروں کی قیمتیں بھی گر جائیں گی۔ خیال رہے کہ فی الحال الیکٹرک کاریں نہ صرف مہنگی ہیں بلکہ انہیں چارج کرنے کی سہولت بھی عام نہیں ہے۔واضح رہے کہ چین میں گزشتہ برس مجموعی طور پر چوبیس ملین نئی گاڑیاں فروخت ہوئی تھیں جن میں صرف 33 لاکھ کے قریب الیکٹرک یا ہائبرڈ کاریں تھیں۔ چینی 2020 ء تک پانچ ملین الیکٹرک کاروں کی فروخت کی منصوبہ سازی میں مصروف ہے اور اس مقصد کے لیے چین کی کار ساز کمپنیاں فعال ہو چکی ہیں