چنائی(نیوز ڈیسک )بھارت میں سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے مشہور ایپ ’’واٹس ایپ‘ ‘کا استعمال کیا جانے لگا۔بھارتی اخبار ’’ٹائمز آف انڈیا‘‘ کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں عموماً سرکاری ملازمین وقت پر دفتر پہنچنے کی زحمت گوارا نہیں کرتے، لیکن ریاست تامل ناڈو کے دارالحکومت میں کارپوریشن آف چنائی نے اربن پرائمری ہیلتھ سینٹرز (یو پی ایچ سیز) میں عملے کی بروقت حاضری کو یقینی بنانے کے لیے اس کا منفرد حل نکالا ہے۔یو پی ایچ سیز میں لیٹ آنے والے اسٹاف کی بروقت حاضری کو یقینی بنانے کے لیے گریٹر چنائی کارپوریشن نے واٹس ایپ کا استعمال شروع کردیا ہے اور ریاست کے 15 زونز کے زونل ہیلتھ آفیسرز اور میڈیکل آفیسرز کو اس بات کا پابند کیا ہے کہ وہ ہر روز کم از کم دو ہسپتالوں کا صبح 8 بجے سے ساڑھے 8 بجے کے درمیان دورہ کریں۔ہیلتھ آفیسرز کو کہا گیا ہے کہ وہ مقررہ وقت میں ہسپتال جاکر وہاں کے عملے کی تصویر اور حاضری کی تفصیلات کارپوریشن کے واٹس ایپ گروپ پر شیئر کریں۔
ملالہ کی کتاب میں آرمی ،اسلام اور اللہ تعالیٰ کے بارے میں کیا لکھا ہے ؟
چنائی کارپوریشن نے یہ قدم اٹھانے کا فیصلہ مریضوں کی، ڈاکٹرز اور دیگر طِبی عملے کی تاخیر سے آنے کی شکایات پر کیا۔سینیئر کارپوریشن آفیسر کا اس اقدام کے حوالے سے کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اس لیے بھی کیا گیا تاکہ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اورطبی عملے کی بروقت حاضری کے علاوہ سینیئر ہیلتھ آفیسرز کی کارکردگی پر بھی نظر رکھی جاسکے۔ہیلتھ سینٹرز سے وابستہ آفیسرز اور ہسپتال عملے کی حاضری پر نظر رکھنے کے علاوہ چنائی کارپوریشن، واٹس ایپ کو صفائی اور روڈ ورک کے عملے کی بروقت حاضری کو یقینی بنانے کے لیے بھی استعمال کرے گا۔