کراچی(این این آئی) شہر کے علاقے گلستانِ جوہر میں گھریلو تنازع پر ہونے والی تلخ کلامی کے دوران چھوٹے بھائی نے چھریوں کے پے در پے وار کرکے بڑے بھائی کو قتل کر دیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔پولیس حکام کے مطابق واقعہ کامران چورنگی کے قریب ایک جنریٹر کی دکان پر پیش آیا، جہاں دونوں بھائیوں کے درمیان گھریلو معاملات پر بحث کے بعد تلخ کلامی شروع ہوگئی۔ بات بڑھنے پر چھوٹے بھائی فیصل نے طیش میں آکر اپنے بڑے بھائی پر چھری سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔زخمی شخص کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت شہزاد کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے واقعے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے ملزم فیصل کو حراست میں لے لیا اور اس کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی چھری بھی برآمد کرلی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات جاری ہیں۔



















































