اسلام آباد (نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات نے 10 سے 15 اکتوبر کے دوران ملک کے مختلف بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے امکانات ظاہر کیے ہیں۔
موسمی صورت حال کے باعث چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک کمزور سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں اسلام آباد، راولپنڈی، پوٹھوہار اور شمالی پنجاب کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارش ہونے کا امکان ہے۔
پیش گوئی کے مطابق پنجاب اور وفاقی دارالحکومت میں 10، 11، 13 اور 14 اکتوبر کو بارش ہو سکتی ہے۔ راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور لاہور سمیت متعدد علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں بھی 15 اکتوبر تک موسم تبدیل رہنے کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت مختلف علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی 10 سے 15 اکتوبر کے دوران بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان بھی ہے، جس کے باعث موسم نسبتاً سرد ہو سکتا ہے۔
بلوچستان کے بعض اضلاع میں بھی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ ان علاقوں میں ژوب، بارکھان، دکی، ہرنائی، کوہلو، لورالائی، موسیٰ خیل اور زیارت شامل ہیں۔
اس کے برعکس سندھ کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق 10 سے 15 اکتوبر کے دوران بڑے دریاؤں کے بالائی کیچمنٹ علاقوں میں کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔ تاہم 9 اکتوبر کو جاری کیے گئے بلیٹن میں دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کی صورت حال معمول کے مطابق رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔



















































