اسلام آباد (نیوز ڈیسک) گل پلازہ کے ملبے سے جاری سرچ اینڈ ریسکیو کارروائی کے دوران امدادی ٹیموں نے تقریباً ڈیڑھ کلوگرام سونا برآمد کر لیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق نکالا گیا سونا چھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کا ہے۔
ڈی سی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا سونا پلازہ کی انتظامیہ کے سپرد کر دیا گیا ہے، جبکہ ملبہ ہٹانے اور تلاش کا عمل پوری احتیاط کے ساتھ جاری ہے۔ انتظامیہ کے مطابق کارروائی مکمل شفافیت کے ساتھ کی جا رہی ہے اور تمام قیمتی اشیاء کا باقاعدہ ریکارڈ محفوظ کیا جا رہا ہے۔
ادھر گل پلازہ حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 71 ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے اب تک 22 لاشوں کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے، تاہم متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ حادثے کے ساتویں روز بھی ریسکیو آپریشن کے دوران انسانی باقیات اور تین ڈیجیٹل ویڈیو ریکارڈر ملے ہیں۔
انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عمارت کی باقیات انتہائی خستہ حالت میں ہیں اور کسی بھی وقت مزید گرنے کا خطرہ موجود ہے، جس کے پیش نظر سرچ آپریشن میں تیزی لاتے ہوئے اضافی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔















































