چترال (این این آئی)چترال کے علاقے گرم چشمہ کی منور ویلی میں معدومیت کا شکار نایاب برفانی چیتے کی موجودگی ایک بار پھر ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ جنگلی حیات خیبرپختونخوا کے مطابق اس نایاب جانور کو آبادی کے قریب دیکھا گیا، جس کے بعد علاقے میں وائلڈ لائف حکام متحرک ہوگئے ہیں۔
محکمے کے مطابق چند سال قبل بھی چترال میں برفانی چیتے کی موجودگی رپورٹ ہوئی تھی، تاہم حالیہ مشاہدہ اس کی بقا کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ چترال وائلڈ لائف ٹیمیں اس وقت علاقے میں موجود ہیں اور برفانی تیندوے کے تحفظ اور اس کے محفوظ قدرتی ماحول کے لیے کام کر رہی ہیں۔محکمہ جنگلی حیات نے مقامی آبادی کو بھی احتیاطی تدابیر سے آگاہ کر دیا ہے تاکہ کسی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ برفانی چیتے کی بقا کے لیے مقامی تعاون نہایت اہم ہے۔















































